بلاول نجی مصروفیات کے باعث دبئی گئے، باپ بیٹے میں اختلافات کی افواہیں بے بنیاد ہیں: پی پی

بلاول نجی مصروفیات کے باعث دبئی گئے، باپ بیٹے میں اختلافات کی افواہیں بے بنیاد ہیں: پی پی

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری اور ان کے بیٹے و پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اختلافات کی افواہیں بے بنیاد قرار دے دیں۔

پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور بلاول کے درمیان اختلافات کی افواہیں بے بنیاد ہیں، بلاول دورہ خیبرپختونخوا مکمل کر کے کل دبئی پہنچے تھے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ بلاول نجی مصروفیات کی وجہ سے دبئی گئے ہیں، وہ دبئی جاتے رہتے ہیں، اس بار بھی دبئی روانگی کی کوئی خاص وجہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول اپنا خیبرپختونخوا کا دورہ مکمل کرکے دبئی گئے ہیں اور وہ وطن واپس آکر 30 نومبرکو کوئٹہ میں پارٹی کے یوم تاسیس سے خطاب کریں گے۔

آصف زرداری کے انٹرویو کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہ فور پیز والی پیپلزپارٹی آمریت کے جبر میں بنانا پڑی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا تھا کہ جو پیپلزپارٹی الیکشن لڑے گی اس کا ٹکٹ جاری کرنے کا اختیار بلاول نہیں ان کے پاس ہے، بلاول کو جو ٹکٹ جاری ہوگا اس پر بھی دستخط آصف زرداری کے ہوں گے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ بلاول ابھی زیر تربیت ہے، نئی پود کی سوچ یہی ہے کہ بابا کو کچھ نہیں پتا، آصف زرداری کے اس انٹرویو کے کچھ گھنٹے بعد بلاول بھٹو زرداری نے ایکس پر اپنی پروفائل پکچر تبدیل کر دی، نئی تصویر میں محترمہ بینظیر بھٹو کو بلاول کے کندھوں پر ہاتھ رکھ کر مسکراتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے جیسے بلاول کہنا چاہ رہے ہوں کہ میرے پاس ماں ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری دبئی بھی روانہ ہو گئے۔