پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ اور دھرنےکے مظاہرین سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ نے دیگر صوبوں سے بھاری نفری طلب کرلی۔
ذرائع کے مطابق مظاہرین سے نمٹنےاور دھرنےکے شرکا کی سکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 22 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے, پنجاب پولیس کے8 ہزار اہلکار وں سمیت 2 ہزار بلوہ فورس طلب کی گئی ہے، 500 خواتین اہلکار بھی سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گی۔
اسلام آباد انتظامیہ نے ایف سی کے 5 ہزار افسران و اہلکاروں کو بھی طلب کرلیا ہے، رینجرز کی 2 ہزار نفری بھی طلب کی گئی ہے، سندھ سے پولیس کی 2 ہزار نفری بھی مانگی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے مختلف صوبوں سے 100 قیدی وینز بھی منگوائی ہیں، آنسو گیس کے 15 ہزار شیل بھی منگوائے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ تمام صوبوں کی نفری مکمل کمانڈ سسٹم سمیت طلب کی گئی ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ نے پولیس حکام کی مشاورت سے تجاویز وزارت داخلہ کو بھجوادی ہیں۔
خیال رہےکہ پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف 25 مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔