پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شہباز گل کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا گیا۔
سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے تصدیق کی ہے کہ شہباز گل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
مراد سعید نے بتایا کہ شہباز گل کی گاڑی کے شیشے بھی توڑے گئے ہیں اور ڈرائیور پر تشدد بھی کیا گیا۔
جبکہ فواد چوہدری نے اس حوالے سے بتایا کہ شہباز گل کو بنی گالہ چوک سے بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں میں آئے لوگوں نے اغوا کیا۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے شہباز گل کے خلاف اداروں کے خلاف بیان بازی اور عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہبازگل کے خلاف مقدمے میں اداروں اور ان کےسربراہوں کے خلاف اکسانے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ شہباز گل نے گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی پر پاک فوج میں بغاوت کی نفرت اور فتنہ انگیز باتیں کی تھیں۔ اس کے علاوہ شہباز گل صحافیوں کو بھی گالم گلوچ اور برا بھلا کہتے رہے ہیں، شہباز گل نے بیوروکریٹس کے خلاف بھی دھمکی آمیز باتیں کیں جبکہ سیاستدانوں کے خلاف نازبیا باتیں اور ذاتی حملے کر چکے ہیں۔