صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہبازشریف سمیت ملکی قیادت نے ترکیہ کے شہر استنبول میں دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں صدرمملکت کا کہنا تھاکہ دہشت گردی تمام دُنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے، حکومت ترکیہ اورعوام کے ساتھ دہشت گردی کے واقعے کے خلاف کھڑے ہیں۔
انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور واقعے میں زخمی افراد کی جلد صحتیاب ہونے کی دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ترکیہ کی استقلال اسٹریٹ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور استنبول میں قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پربےحدافسوس ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان ترکیہ کے عوام اور حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، ہرطرح کی دہشت گردی قابل مذمت ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی ترکیہ کے شہر استنبول میں بم دھماکے کی مذمت کی ترک حکومت اور عوام سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا کو دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے، معصوم انسانوں پر حملے کرنے والے ناقابل معافی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے بھی استنبول میں دھماکے کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں جاں بحق افرادکےلواحقین اور زخمیوں کےساتھ ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ترکیہ میں دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
مولانا فضل الرحمان نے ترکیہ کی عوام اور حکومت کے ساتھ ہمدردی اور اظہار یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس اور دکھ ہوا۔
خیال رہے کہ ترکیہ کے شہر استنبول میں زوردار دھماکےکے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔