صدر مملکت اور وزیر اعظم کا یوم عاشور پر قوم کے نام پیغام

صدر مملکت اور وزیر اعظم کا یوم عاشور پر قوم کے نام پیغام

اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم عاشورہ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا ہمیں ظالم کے آگے نہ جھکنے کا درس دیتا ہے۔

صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ عاشورہ کا مقدس دن اسلامی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتا ہے، آج کے دن کربلا کے میدان میں حق وباطل کی لڑائی ہوئی، اسلامی اقدار کے تحفظ کی خاطر نواسہ رسول ﷺامام حسینؓ رضی اللہ عنہ نے عظیم قربانی پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ رضی اللہ عنہ کا ظالم حکمران یزید کیخلاف موقف طاقت یا انتقام کی وجہ سے نہیں تھا، امام حسین ؓ کا مؤقف انصاف، اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے ایک اصولی مؤقف تھا، جو بدعنوانی اور ظلم سے اسلامی معاشرے کی حفاظت کیلئے تھا۔

صدر علوی نے کہا کہ اس وقعے سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ ظلم اور غلط کام کے سامنے نہ صرف جھکنا نہیں چاہیے بلکہ ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے، امام حسین رضی اللہ عنہ کے ساتھی حق کیلئے جدوجہد کرنے والوں کا ساتھ دینے کی اہمیت سکھاتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ محرم الحرام کا 10 واں دن، دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے گہری تاریخی اور روحانی اہمیت رکھتا ہے، یہ نبیﷺ کے پیارے نواسے حضرت امام حسینؓ رضی اللہ عنہ کی حق کیلئے عظیم جدوجہد اورشہادت کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ نے اہلِ بیت کے ساتھ کربلا کی جنگ میں ظلم، جبر کیخلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا، امام حسین رضی اللہ عنہ کی قربانی ہمیں غیر متزلزل ایمان، انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف کھڑا ہونا مسلمانوں کا اخلاقی فرض ہے، امام حسینؓ رضی اللہ عنہ کی قربانی کسی خاص وقت یا مقام تک محدود نہیں تھی، قوم ،اُمت مسلمہ کو درپیش چیلنجز میں امام حسینؓ رضی اللہ عنہ کی قربانی سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔