اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے عوامی مارچ کے قافلے کو اسلام آباد پولیس نے ٹی چوک پر روک لیا جس کے بعد بلاول بھٹو بھی راستے میں رک گئے۔
ترجمان پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیپلزپارٹی کےعوامی مارچ کے بڑے قافلےکو اسلام آباد پولیس نے روک لیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جس کنٹینر پر بلاول بھٹو سوار ہیں اس سے پیچھے موجود گاڑیوں کو مختلف مقامات پر رکاوٹیں لگا کر روکا گیا جس کے بعد بلاول نے بھی آگے بڑھنے سے انکار کردیا۔
ترجمان پیپلز پارٹی کے مطابق بلاول نے مکمل قافلے کے بغیر آگے بڑھنے سے انکار کردیا جس کے بعد عوامی مارچ کا قافلہ ایکسپریس وے سے قبل دیگر ساتھیوں کے انتظار میں رک گیا ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہمارے کارکنوں کو جگہ جگہ رکاوٹیں لگا کر روکا گیا ہے، فیض آباد بلاک کریں گے، ڈی چوک بھی جائیں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ ہمارے قافلے کو روکا گیا ہے، ہم فیض آباد پر دھرنا دے رہے ہیں، آخری کارکن کے آنے تک قافلہ آگے نہیں بڑھے گا۔
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ کو آج شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں داخل ہونا ہے جبکہ آج اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد بھی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی ہے۔