اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں دیرپا امن کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا بھارت سمیت تمام ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترک نیوز ایجنسی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ بھارت سمیت تمام ہمسائیوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں مگر مقبوضہ کشمیرمیں پانچ اگست کے غیرقانونی اقدامات نے ماحول کو مزید خراب کردیا۔
وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیر میں ریاستی دہشتگردی ختم کرے جبکہ وزیراعظم نے تنازع کشمیر پر اصولی موقف اپنانے پر ترک قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
پاک امریکا تعلقات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دار ہے،امریکا کے ساتھ وسیع البنیاد تعلقات مزید گہرے کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاک ترکیہ تعلقات مثالی ہیں، پاکستان اور ترکیے کومشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کرنا چاہیے۔
افغانستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے لئے امریکا کے ساتھ قریبی تعاون کررہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ چینی قیادت کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں نے مشترکہ منصوبوں پر بروقت عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے ہماری کوششوں میں نئی روح پھونک دی ہے۔