اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی سیاسی رواداری نے بحران کا خاتمہ کر دیا۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ آصف علی زرداری نے آئین، جمہوریت اور عوامی مفاد کے لیے تاریخی کردار ادا کیا، اتحادی جماعتوں کے قائدین کی سیاسی بصیرت اور اتحاد سے جمہوریت فتح مند ہوئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت چوہدری ظہور الٰہی شہید کے سیاسی وارث اور علمبردار ہیں، انہوں نے اپنے والد اور خاندان کی جمہوری روایت کو زندہ و جاوید کیا۔
انہوں نے کہا: ’چوہدری شجاعت کا کردار جمہوریت اور آئینی اقدار کی جیت ہے، چوہدری شجاعت، ان کے خاندان اور ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں کہ جس نے ہمیں پھر سرخرو فرمایا‘۔
جناب آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو کے علاوہ ایم کیو ایم، اے این پی، بی این پی، باپ سمیت اتحادی جماعتوں کے تمام محترم قائدین کو فرداً فرداً خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی سیاسی بصیرت، اتحاد اور حمایت سے جمہوریت فتح مند ہوئی۔ قوم آپ سب کو سلام پیش کرتی ہے۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 22, 2022
خیال رہے کہ وزیر اعظم کا مذکورہ بیان حمزہ شہباز کے دوبارہ وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مسلم لیگ (ق) کے تمام ووٹوں کو مسترد کیا اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو برتری حاصل ہونے پر وزیر اعلیٰ منتخب کر دیا۔