نگراں وزیرِ اعظم کے لیے انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق 

نگراں وزیرِ اعظم کے لیے انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق 

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے نگراں وزیرِ اعظم کے لیے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق کر لیا ہے۔

وزیرِ اعظم آفس سے ہفتے کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف اور قائدِ حزبِ اختلاف کے درمیان نگراں وزیرِ اعظم کی تقرری پر حتمی مشاورت خوش اسلوبی سے مکمل ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے بطور نگراں وزیرِ اعظم نام پر اتفاق کیا ہے۔

بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشترکہ طور پر ایڈوائس پر دستخط کے بعد سمری صدر مملکت کو ارسال کر دی ہے۔

واضح رہے کہ نو اگست کو وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کی مقررہ مدت سے تین روز قبل اسمبلی تحلیل کر دی تھی۔

نگراں وزیرِ اعظم کے نام پر مشاورت کے لیے شہباز شریف اور راجہ ریاض کے درمیان جمعرات کو ہونے والی پہلی ملاقات بے نتیجہ رہی تھی۔ جمعے کو اتحادی جماعتوں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا تھا کہ نگراں وزیرِ اعظم کا نام فائنل کرنے کے لیے ان کی اپوزیشن لیڈر سے ملاقات جمعے کو ہونا تھی لیکن لاہور میں مصروفیات کے باعث یہ ملاقات نہیں ہو سکی۔