لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے، وزیراعظم کا اعتراف

لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے، وزیراعظم کا اعتراف

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی مسائل کے حل کیلئے قوم سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سےاجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاورپلانٹس کی مرمت کرکےقابل استعمال بنایاگیا ہے،قوم کی ایک ایک پائی بچانے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے پاور پلانٹس کی مرمت نہیں کی اور عالمی منڈیوں میں تیل اورگیس کی قیمتیں تاریخ کی بلند سطح پر ہیں۔

وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانا ہماری ذمہ داری ہےلیکن لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے

ان کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ پرقابو پانےکےلیےسر توڑکوشش کررہےہیں، بجلی کاٹتے ہیں تو عوام بددعائیں دیتے ہیں، گیس کاٹتے ہیں تو انڈسٹری کو دھچکا لگتا ہے۔

وزیراعظم نے معاشی اور انتظامی ناکامیوں کا ملبہ پی ٹی آئی حکومت پر ڈالتے ہوئے کہا پن بجلی کے منصوبوں میں جان بوجھ کر تاخیر کی گئی، سابق حکومت کو بجلی کے منصوبوں سے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ سابق حکومت نے سستی گیس خریدنےکا موقع ضائع کیا اور ہم نےمہنگی گیس خریدنے سےگریزکی۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں ترقی یافتہ ممالک نے گیس خرید رکھی ہے اور دنیا میں کوئلے کی قیمتوں میں آگ لگی ہوئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قطر کے ساتھ کیے گئے معاہدے پرسابق حکومت نے الزامات لگائے، سابق حکومت کے الزامات سے قطر کے عوام بھی پریشان ہوئے۔