اسلام آباد : وزیرداخلہ شیخ رشید نے پارلیمنٹ ہاؤس اورلاجز کی سیکیورٹی رینجرز اور ایف سی کے حوالے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا قانون ہاتھ میں لینے والوں کو کچل کر رکھ دوں گا چاہے کوئی کتنا ہی بڑا لیڈر ہی کیوں نہ ہو۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہمارے پاس اطلاعات کچھ اچھی نہیں ہیں، دہشتگرد گروپ نےاسلام آباد میں دہشت گردی کی پلاننگ کررکھی تھی ، ہم نے اسپیکر کی رضامندی سےسرچ وارنٹ بھی دیے، ان لوگوں سے5گھنٹےمذاکرات کیے۔
شیخ رشید نے بتایا پارلیمنٹ لاجز میں352 فیملیاں رہتی ہیں، 63 سینیٹر 278 ایم این اے یہاں رہتے ہیں، وہاں پی ٹی آئی کےایم این اےاورلیڈیزرہتی ہیں ، لاجز میں پولیس والوں پر تشدد کیا گیا ، جس میں 5زخمی ہوئے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 48 گھنٹے میں ڈی سی سے کہا ہے کہ رپورٹ جمع کرائیں، کسی کے خلاف دہشت گردی کامقدمہ نہیں کرایا، کامران مرتضیٰ نے پولیس کے خلاف گندی زبان استعمال کی، ہمارے پاس ویڈیوزہیں پولیس والے ان کی منتیں کرتے رہے۔
انھوں نے کہا اپوزیشن کے پاس 172 بندے نہیں ہیں ، اس لئے عدم اعتماد کے دن پارلیمنٹ ہاؤس،لاجز کو رینجرز اور ایف سی کے حوالے کر رہے ہیں، تاکہ کوئی ایسا واقعہ نہ ہوجائے جو ملک کی بدنامی کا باعث نہ بنے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انصارالاسلام سےکہاہےکوئی بندہ وردی میں اسلام آبادنہ آئے، سیکیورٹی دینےکوتیارہیں بعد میں 12ایم این اے کم ہوجائیں توہمیں نہ کہنا۔
اپوزیشن کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا یہ عدم اعتماد کو سبوتاژ کرناچاہتے ہیں ، یہ عدم اعتماد سے پہلے اسلام آباد میں افراتفری چاہتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور آصف زرداری فضل الرحمان کو استعمال کررہےہیں ، فضل الرحمان خدا کے واسطے دینی مدرسے کے طلبا کو استعمال نہ کریں ۔
شیخ رشید نے خبردار کیا کہ جس نے قانون ہاتھ میں لیا میں اسے نہیں چھوڑوں گا کچل کررکھ دوں گا ، میں لحاظ نہیں کروں گا کہ کون کتنا بڑا لیڈر ہے ، کوئی بھی پارٹی لیڈر سازش میں ملوث پایا گیا توپکڑیں گے اور جو ملیشیا کے لباس میں اسلام آباد آیا میں اسے نہیں چھوڑوں گا۔
بلاول کے بیان پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بلاول نےجوکل زبان استعمال کی اگروہ آپ کیخلاف استعمال کی جائےتوچیخیں نکلیں گی، مولانافضل الرحمان آپ پہلےبھی استعمال ہوئے ہیں۔
پارلیمنٹ لاجز واقعے کے حوالے سے بتاتے ہوئے شیخ رشید نے کہا انہوں نےپلاننگ کےتحت مین گیٹ پرقبضہ کیاپھراپنےبندےداخل کیے، 401 نمبر کمرے کے علاوہ ہم نے کسی کادروازہ نہیں کھٹکھٹایا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فوج جمہوریت کیساتھ کھڑی ہوگی ، عدم اعتماد کیلئے172بندےآپ نےلانےہیں، اسلام آبادمیں22اور23مارچ کوعام تعطیل ہوگی۔
انھوں نے اپوزیشن سے مزید کہا کہ آپ کوحق نہیں نجی ملیشیا کےذریعےریڈزون میں دہشتگردی کریں، یہ ٹریلرکےطورپرہم نےنارمل پرچےکیےپھرنہ کہنا بندے اٹھائے گئے، جس نےقانون کوہاتھ میں لیااسےاٹھالیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سینئر پارلیمنٹیرین کے طور پر کہتا ہوں آپ کے اوپر براوقت آنیوالا ہے، 172بندے نہیں لاسکتے تو چپ کر کے پرانی تنخواہ پر کام کریں، آپ عمران خان سےذاتی لڑائی لڑنےجارہےہیں جمہوری نہیں، اس سےآپ کی سیاست کاپتا صاف اورجھاڑوپھرسکتاہے۔
روس یوکرین جنگ کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ یوکرین اور روس کی جنگ میں پاکستان غیرجانبداررہاہے، عمران خان کی قیادت میں آزادخارجہ پالیسی کو نقصان پہچانا سامراجی سازش ہے۔
انھوں نے بتایا کہ اپوزیشن ممبرز کو پی ٹی آئی سے بھی زیادہ سیکیورٹی دیں گے ، غلط فہمی کا شکار نہ ہوں قانون سب کیلئے برابر ہے، غلطی کریں گے توقانون ملزم کو معاف نہیں کرے گا۔
اپوزیشن کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگرآپ غلطی کرینگےتوخسارےمیں رہیں گےہم تو4سال پورےکرچکے، ڈرامے40سال پہلے ہوتے تھے اب لوگ بڑی اسکرین پر ڈرامے دیکھناچاہتےہیں، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد سے راہ فرار چاہتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا فضل الرحمان پہلےبھی استعمال ہوئےاوراب بھی استعمال ہوں لیگ اور پی پی کو اپنے کیسز میں دلچسپی ہے،اسمبلی میں عدم اعتماد آئی اس کامطلب ہے یہ ہمیں تسلیم کرتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ عمران خان سرخرو ہوں گے ، بینظیر بھی 12ووٹوں سے ہاری تھی یہ بھی 12ووٹوں سے ہاریں گے۔