رہنما تحریک انصاف شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کا کہنا ہےکہ والدہ کو رہا کرنےکی کوئی خبر نہیں دی گئی، جو کچھ ہوا حمزہ شہباز کےکہنے پر نہیں ہوا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ والدہ کو رہا کرنےکی کوئی خبر نہیں دی گئی، نہیں معلوم میری والدہ کس حالت میں ہیں۔
ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ اگر کوئی پرچہ ہے تو بتایا جائے،کسی نےکوئی نوٹس نہیں بھیجا، یہ اغواکا کیس ہے،گرفتاری نہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ کا شکریہ جو انہوں نے نوٹس لیا، یہ جو کچھ ہوا حمزہ شہباز کے کہنے پر نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کی رہائی کا حکم دے دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ شیریں مزاری کی رہائی سے متعلق اینٹی کرپشن پنجاب کو وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے احکامات موصول ہوگئے ہیں، حکومتی ذرائع کے مطابق ڈی جی اینٹی کرپشن نے شیریں مزاری کو فوری رہا کرنےکا حکم دے دیا، اینٹی کرپشن حکام کچھ دیر میں شیریں مزاری کو ان کے گھر چھوڑ دیں گے۔
خیال رہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم نے سابق وفاقی وزیر کو اسلام آباد کے تھانہ کوہسار کی حدود سے گرفتار کیا تھا جہاں سے انہیں پولیس ڈی جی خان لیکر روانہ ہوگئی تھی۔