مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف وطن روانگی سے قبل آج دبئی میں مصروف دن گزاریں گے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی اسحاق ڈار کے بیٹوں کے گھر پر دبئی حکومت کی اعلیٰ شخصیت سے ملاقات ہوئی جو تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی، اس دوران پاکستان میں سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ نواز شریف سے آج مختلف وفود کی بھی ملاقاتیں طے ہیں جس کی بدولت آج ان کا دبئی میں مصروف ترین دن ہوگا۔
نواز شریف کے ساتھ پاکستان جانے والے لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد دبئی پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب نواز شریف کی پاکستان روانگی کا وقت فائنل ہوگیا ہے جس کے مطابق سابق وزیراعظم کی پرواز دبئی کے مقامی وقت کے مطابق ٹرمنل ٹو سے نو بجے روانہ ہوگی۔
نواز شریف کی پرواز FZ 4525 دبئی سے لاہور کیلئے بک ہے۔
واضح رہےکہ نواز شریف کل 4 سال کے بعد وطن واپس آئیں گے جہاں ان کا طیارہ پہلے اسلام آباد میں لینڈ کرے گا جس کے بعد وہ لاہور پہنچیں گے۔
سابق وزیراعظم کی وطن واپسی پر (ن) لیگ نے مینار پاکستان پر جلسے کا بھی انعقاد کیا ہے جس سے نواز شریف خطاب کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔