لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو پنجاب میں الیکشن کی تیاری کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے مسلم لیگ ن کے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں شہباز شریف، رانا ثنا اللہ، اعظم نذیر تارڑ اور دیگر اہم رہنما بھی شریک تھے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف نے ہدایت کی کہ پورے پنجاب میں پارٹی کے رہنما اور ورکر متحرک ہو جائیں، نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو پنجاب میں الیکشن کی تیاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے امیدوار بھرپور طریقے سے
الیکشن میں حصہ لینے کی تیاری کریں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کا کہنا تھا غیر جمہوری سوچ رکھنے والے عمران خان سے کوئی اچھی توقع نہیں رکھی جا سکتی، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ عمران خان کی حکومت میں ملک کو پہنچنے والے نقصان کا لوگوں کو بتایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ عمران خان کے دور میں ان کے گھر سے شروع ہونے والی کرپشن کے بارے میں بھی عوام کو بتایا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ قومی اسمبلی اپنا وقت پورا کرے گی، کسی بھی صورت عمران خان کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے، پنجاب اور کے پی کے میں پھر پور الیکشن لڑیں گے۔