سپریم کورٹ کے گزشتہ روز کے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتہ 9 اپریل کی صبح ساڑھے 10 بجے بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سپریم کورٹ کے گزشتہ روز کے فیصلے کی کاپی قومی اسمبلی سیکرٹری کو موصول ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا علیحدہ سے اجلاس طلب نہیں کیا جائے گا، رواں شیڈول کے مطابق ہفتےکو قومی
اسمبلی کا اجلاس ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی اجلاس کا ایجنڈا کچھ دیر میں جاری کر دیا جائے گا۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے 3 اپریل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی کو پرانی حالت میں بحال کرنے اور تحریک عدم اعتماد کے لیے دوبارہ اجلاس بلانے کا حکم دیا تھا۔
سپریم کورٹ نے یہ حکم بھی دیا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا اجلاس 9 اپریل صبح ساڑھے 10 بجے تک بلایا جائے۔