قومی اسمبلی وزیراعظم کا انتخاب 3 مارچ کو کرے گی، شیڈول جاری

قومی اسمبلی وزیراعظم کا انتخاب 3 مارچ کو کرے گی، شیڈول جاری

قومی اسمبلی وزیراعظم کا انتخاب اتوار 3 مارچ کو کرے گی۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے وزیراعظم کے انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق وزیراعظم کا انتخاب اتوار 3 مارچ کو ہوگا۔

وزیراعظم کیلئے کاغذات نامزدگی 2 مارچ کو دن 2 بجے تک وصول کیے جائیں گے اور پھر کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 3 بجے تک ہوگی۔

شیڈول کے مطابق  وزیراعظم کیلئے کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے شعبہ قانون سازی سے لیےجاسکتے ہیں۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران تجویز اور تائید کنندگان کا موجود ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آج جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری کے بعد دوسرا مرحلہ اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا چناؤ ہو گا اور پھر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد وزیراعظم کا انتخاب ہو گا۔

شہباز شریف کو دوسری بار وزیراعظم بننے کے لیے 169 ووٹ درکار ہیں جبکہ اس وقت مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کو 200 سے زائد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔