کراچی / لاہور / پشاور / کوئٹہ / اسلام آباد: ملک بھر میں رات 12 بجتے ہی تمام شہروں میں شاندار آتش بازی اور چراغاں کر کے 75 ویں یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔
ملک بھر میں شہریوں نے رات 12 بجتے ہی 14 اگست کا آغاز پاکستان سے بھرپور محبت اور جوش و جذبے کے ساتھ کیا، نوجوان سبز ہلالی پرچم لیے سڑکوں پر نکل آئے۔
جشن آزادی کی مناسبت سے شہر شہر جیوے پاکستان کے نعروں کی گونج اور سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے جبکہ ہر شخص نے قومی نغمے سُن کر اور پاکستان کے حق میں نعرے لگا کر وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
چودہ اگست کی مناسبت سے شہر شہر چراغاں اور اہم عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے، گلیوں اور محلوں کو جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ بچوں سمیت تمام عمر کے لوگوں نے اپنے سینے پر بیج سجا لیے تو کسی نے وطن سے محبت کا اظہار پوسٹرز بنا کر کیا۔
آج دن کا آغاز ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوگا، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔