موسم سرما میں گلے کے مختلف امراض سے بچنا بے حد ضروری ہوتا ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ قوت مدافعت کو مضبوط کیا جائے، آج آپ کو ایسی ہی ایک چائے بتائی جارہی ہے جو قوت مدافعت کو مضبوط بنائے گی۔
شوخ زرد رنگت والی ہلدی کو دنیا بھر میں سپر فوڈ کا درجہ دیا جاچکا ہے، یہ بلڈ پریشر کم کرتی ہے، ذیابیطس قابو کرتی ہے اور سب سے بڑھ کر کئی اقسام کے سرطان میں اس کی افادیت سامنے آچکی ہے۔
ان سب کی وجہ ایک ہی مشہور کیمیکل کرکیومن ہے جو ہلدی میں بکثرت پایا جاتا ہے۔
ادرک کے خاندان سے تعلق رکھنے والی ہلدی کو صدیوں سے کھانوں میں مصالحہ اور کئی امراض میں علاج کی غرض سے بطور دوا استعمال کی جارہی ہے۔
ہلدی میں طاقتور اینٹی آکسیڈینٹس بکثرت پائے جاتے ہیں جو آپ کے مدافعتی نظام کو مضبوط رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، یوں تو ہلدی کو مختلف پکوانوں میں استعمال کیا جاتا ہے تاہم اس کی چائے قوت مدافعت بڑھانے میں کسی مسیحا سے کم نہیں۔
اس کو مندرجہ ذیل طریقے سے تیار کریں۔
اس چائے کی تیاری کے لیے 1 ٹی بیگ ڈینڈیلین جڑ والی چائے، آدھا چائے کا چمچ پسی ہوئی ہلدی، آدھا چائے کا چمچ باریک کٹی ہوئی ادرک، چٹکی بھر کالی مرچ، حسب ذائقہ شہد اور بادام کا دودھ۔
بھنی ہوئی ڈینڈیلین جڑ والی چائے کا ایک بڑا کپ تیار کریں، اب اس میں ہلدی، ادرک اور کالی مرچ شامل کریں، کچھ دیر بعد اس میں حسب ذائقہ دودھ اور شہد شامل کریں اور نوش کریں۔