حمزہ شہباز کا سیاسی کیرئیر اکتوبر 1999ء میں شروع ہوا۔ تین بار قومی اسمبلی کے انتخابات میں کامیابی سمیٹی جبکہ ایک بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔ حمزہ شہباز رومانوی اور سادہ طبیعت کے مالک ہیں۔
میاں حمزہ شہباز 6 ستمبر 1974ء کو پیدا ہوئے۔ وہ 3 بار وزیراعلیٰ رہنے والے میاں شہباز شریف کے فرزند ہیں۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف حمزہ شہباز کے تایا ہیں۔
اکتوبر 1999ء میں نواز شریف کی حکومت ختم ہوئی تو حمزہ شہباز کا سیاسی کیرئیر شروع ہوا۔ حمزہ شہباز پہلی بار 1999ء میں لیگی کارکنوں کے ساتھ اڈیالہ جیل میں رہے۔ اپنے خاندان کی جلاوطنی کے بعد حمزہ شہباز نے فیملی کا کاروبار بھی سنبھالا۔
2008ء کے عام انتخابات میں حمزہ شہباز لاہور کے حلقہ این اے 119 سے بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ 2013ء کے عام انتخابات میں حمزہ شہباز دوبارہ ایم این اے منتخب ہوئے۔ 2018ء کے الیکشن میں حمزہ شہباز نے این اے 124 اور پی پی 146 سے کامیابی سمیٹی۔ بعدا زاں حمزہ شہباز نے ایم این اے کی نشست چھوڑ دی۔
13 اگست 2018ء کو حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن لڑا جس میں وہ عثمان بزدار کے 186 ووٹوں کے مقابلے میں 159 ووٹ حاصل کر سکے۔ 25 اگست 2018ء کو حمزہ شہباز کو اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی مقرر کر دیا گیا۔
رومانوی اور سادہ طبیعت کے مالک حمزہ شہباز جب سیاست میں وارد ہوئے تو کہا جاتا کہ یہ اپنے تایا نواز شریف جیسے ہیں۔