پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جائے، صدر کا نگران وزیراعظم کو خط

پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جائے، صدر کا نگران وزیراعظم کو خط

اسلام آباد: صدر  مملکت عارف علوی نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے نام خط میں کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ  اور  بنیادی  حقوق کے  حوالے  سے  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کے  خدشات  پر  غور  کیا  جائے۔

صدر  نے رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب کی جانب سے لکھا گیا خط بھی نگران وزیراعظم کوبھیجا ہے۔

صدر  نے اپنے خط میں کہا ہےکہ نگران  حکومت کا تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ  فیلڈ فراہم کرنا بےحد اہم  ہے، بنیادی حقوق اور  لیول پلیئنگ فیلڈ پر  پی ٹی آئی کے خدشات پر غور کیا جائے، آئندہ انتخابات  میں  سیاسی جماعتوں کو مساوی حقوق اور  مواقع کی  فراہمی کے آپ کے بیانات باعث اطمینان ہیں۔

صدر  نےکہا ہےکہ انہیں یقین ہے کہ جمہوریت پاکستان کے عوام اور  ریاست کے لیے آگے بڑھنے کا مناسب  راستہ ہے، عوام کا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا اور  بذریعہ آزاد میڈیا اظہار  رائے جمہوریت کی روح ہے۔

صدر کے مطابق آزادانہ، منصفانہ اور مستند الیکشن  پر پورے پاکستان میں اتفاق ہے، سیاسی جماعتوں اور ان کے رہنماؤں کو  الیکشن  میں حصہ لینے اور عوام کو انہیں منتخب کرنےکا حق ہے۔

صدر کا کہنا ہے کہ  صدر  مملکت بطور سربراہ ریاست جمہوریہ کے اتحاد کی علامت ہیں، آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت صدر ، وزیراعظم اور تمام اداروں سمیت شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے پابند ہیں، اسی وجہ سے پاکستان تحریک  انصاف کے الزامات پر مشتمل خط آپ کو  ارسال کر  رہا ہوں۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ  سیاسی وابستگیاں رکھنے والے افراد  کی جبری گمشدگیوں کے بڑھتے واقعات  پر میڈیا میں بھی بحث ہوئی  ہے، لوگوں کی سیاسی وابستگیاں اور  وفاداریاں بدل جانے پر  ایسے واقعات تشویش کا باعث بنتے ہیں، خواتین سیاسی ورکرز کی طویل نظر بندی یا عدالت کی جانب سے ریلیف کے بعد بار  بار دوبارہ گرفتاریاں معاملے کو  مزید حساس بنا دیتی ہیں۔

صدر مملکت نےکہا ہےکہ  آئین کے آرٹیکل 4 کے تحت قانون کے مطابق سلوک کیا جانا ہر شہری کا ناقابل تنسیخ حق ہے، آئین کے آرٹیکل 17 کے تحت سیاسی جماعت کی رکنیت یا تنظیم سازی کرنا ہر شہری کا حق ہے ،  آئین کا آرٹیکل 19 ہر شہری کو آزادی اظہار رائےکے ساتھ آزاد پریس کا حق دیتا ہے، نگران وزیر اعظم  اور  حکومت کے سربراہ ہونے کے ناطے ان معاملات پر غور کریں۔