لاہور الیکٹرک کا کروڑوں روپے کا بل بھیجنے کا میگا اسکینڈل

لاہور الیکٹرک کا کروڑوں روپے کا بل بھیجنے کا میگا اسکینڈل

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بجلی کے تقسیم کار ادارے لیسکو کی اوور بلنگ کا میگا اسکینڈل سامنے آیا ہے، نجی فوڈ انڈسٹری کو لاکھوں یونٹس چارج کر کے کروڑوں روپے کا بل دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں کروڑوں روپے کی اوور بلنگ کا میگا اسکینڈل منظر عام پر آگیا، واپڈا کی ایم اینڈ ایس ٹیم نے اوور بلنگ پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی فوڈ انڈسٹری کو کروڑوں روپے کی اوور بلنگ کی گئی، انڈسٹری کو 4 لاکھ یونٹس کی اوور بلنگ کا انکشاف ہوا ہے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق 3 سال قبل انڈسٹری کے میٹرز کو تبدیل کیا گیا مگر ایم سی او فیڈ نہ ہوا، ایم سی او فیڈ نہ کر کے انڈسٹری کو اضافی یونٹس چارج ہوتے رہے۔ 3 سال بعد ایم سی او فیڈ کر کے میٹرز کے یونٹس بھی چارج کر لیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈسٹری کو لاکھوں یونٹس چارج کر کے کروڑوں روپے کی اوور بلنگ کی گئی۔

ایم اینڈ ایس واپڈا ہاؤس نے سابق اور موجودہ افسران و ملازمین کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ علی رضا آباد سب ڈویژن میں میٹر ریڈر کی ملی بھگت سے چارجنگ کی گئی، میٹر ریڈر نے اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے ریڈنگ کی۔