قانونی ماہرین نے گرین سگنل دے دیا، نواز شریف 21 اکتوبر کو آئیں گے: شہباز

قانونی ماہرین نے گرین سگنل دے دیا، نواز شریف 21 اکتوبر کو آئیں گے: شہباز

سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یہ سوال بار بار نہیں پوچھنا چاہیے کہ نواز شریف آ رہے ہیں یا نہیں، ان کی واپسی میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قانونی ماہرین نے نوازشریف کو وطن واپسی کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے ، وہ 21 اکتوبر کو آئیں گے اور  مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 12 اکتوبر کو انہیں اور نوازشریف کو کئی ماہ کے لیے غائب کیا گیا، ہم نے تو جی ایچ کیو پر حملہ نہیں کیا، ڈیلز کرتے تو نوازشریف کو جیلیں نہ کاٹنا پڑتیں،ریاست بچ گئی تو سیاست بھی بچ جائے گی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ 16 ماہ میں مسائل کے حل کی جان توڑ کوشش کی ،موٹرسائیکل کےسستے پیٹرول کیلئے مطالبہ آئی ایم ایف نے نہیں مانا ،آئی ایم ایف کے سامنے ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے ،گھبرانے اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں اچھا وقت آنے والا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس پہنچیں گے اور ن لیگ کی جانب سے ان کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف کو لاہور میں استقبالیہ دیا جائے گا اورملک کے مختلف علاقوں میں ان کیلئے ریلیوں کا انعقاد کیا جائےگا۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نومبر 2019 میں علاج کیلئے برطانیہ گئے تھے۔