پاکستان کا بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے 6 سے 10 مئی تک آپریشنز بنیان مرصوص کا حصہ تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خلاف پاکستان کا آپریشن بنیان مرصوص کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ 6 سے 10 مئی تک کے آپریشنز بنیان مرصوص کا حصہ تھے۔
آئی ایس پی آر کے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 22 اپریل سے 10 مئی تک پاک بھارت کشیدگی کو معرکہ حق کا نام دیا گیا ہے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اشتعال انگیزی سے خواتین، بچے اور بوڑھے شہید ہوئے۔ ہمارے دل اور ہمدردیاں شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب دے کر اپنے شہیدوں کے خون کا بدلہ لیا اور الحمدللہ پاک افواج نے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کیا۔ مسلح پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر انصاف کر دکھایا۔
جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قوم کے حوصلے اور دعاؤں نے پاک فوج کو ناقابل شکست قوت دی۔ نوجوان سائبر محاذ کے سپاہی بن کر دشمن کے جھوٹ کا مقابلہ کرتے رہے۔ پاکستانی میڈیا بھی بنیان مرصوص کی طرح بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنا۔
سفارتکاروں نے عالمی فورمز پر پاکستان کا مقدمہ جاندار انداز میں لڑا، مقامی سائنسدانوں اور انجینئرز کی ٹیکنالوجی جنگ میں کارگر ثابت ہوئی، تمام سیاسی قیادت نے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا، وزیراعظم اور کابینہ نے تاریخ ساز فیصلے کئے، آپریشن میں تینوں افواج کی زبردست ہم آہنگی اور جدید حکمت عملی دیکھنے میں آئی
آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں پاک فوج کے ہر افسر، جوان، ہواباز اور سیلر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ مہارت، قربانی اور دلیری کی بدولت شاندار کامیابی ممکن ہوئی۔ پاکستان کی بہادر قوم کا بھی دل کی گہرائویں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
قوم نے مشکل حالات میں مسلح افواج کی غیر متزلزل حمایت کی۔ قوم کے حوصلے اور دعاوں سے ہمارا حوصلہ بلند رہا اور قومی یکجہتی بڑی طاقت بنی۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان آرمی کے فتح سیریز ایف ون اور ایف 2 میزائل نے دشمن کے پرخچے اڑائے۔ پی اے ایف کے جدید ہتھیار، لانگ رینج لوئٹرنگ کلر ڈرونز نے 26 اہداف کو نشانہ بنایا۔ طویل فاصلے تک مار کرنے والی توپوں سے دشمن کے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا اور اس آپریشن میں دشمن کی وہ تنصیبات تباہ کی گئیں جو پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے اور دہشتگردی میں ملوث تھیں۔
آپریشن بنیان مرصوص میں جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا، ان میں بھارتی فضائی اڈے شامل تھے۔ سورت گڑھ، سرسا، بُھج، نالیا، آدم پور، بھٹنڈا، برنالہ، حلوارہ میں دشمن کے اڈوں کو تباہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اونتی پورہ، سری نگر، جموں، اودھم پور، ماموں، امبالہ اور پٹھان کوٹھ کے اڈوں کو تباہ کیا گیا۔
بیاس اور ناگرُوٹا میں براہموس میزائلوں کے ذخیرے تباہ کیے گئے۔ آدم پور اور بھج میں نصب ایس 400 دفاعی نظام کو موثر طریقے سے ناکارہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ فیلڈ سپلائی ڈپوپوری اور ریڈار اسٹیشن پونچھ جیسے لاجسٹک سپورٹ مقامات تباہ کیے گئے۔ 10 بریگیڈ اور 80 بریگیڈ کے جی ٹاپ اور نوشہرہ جیسے ہیڈ کوارٹرز کو مکمل تباہ کیا۔
مسلح افواج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے ایل او سی پر بھارتی چوکیاں اور توپ خانے تباہ کرکے خاموش کرائے، جن میں اڑی کا فیلڈ سپلائی ڈپو اور پونچھ ریڈار سٹیشن سمیت ملٹری کمانڈ ہیڈ کوارٹرز بھی شامل ہیں، ایل او سی پر جوابی کارروائی دشمن کے سفید جھنڈے لہرانے تک جاری رہی۔
، آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستانی ڈرونز نے بھارت کے حساس شہروں بشمول نئی دہلی، گجرات سمیت مقبوضہ کشمیر پر مسلسل پرواز کیں، مسلح فوج کی سائبر کارروائیوں نے بھارتی انفراسٹرکچر کو عارضی مفلوج کیا، بھارت کے ساتھ ساتھ اس کے پراکسیز نے بلوچستان و خیبرپختونخوا میں دہشتگردی بڑھائی تاہم مسلح افواج نے مغربی محاذ پر دہشتگردوں کے خلاف کامیاب جوابی کارروائیاں کیں، معرکہ حق قومی طاقت کے تمام عناصر کی شاندار ہم آہنگی کی مثال ہے، پاکستان کا پیغام واضح ہے کہ جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، بے شک اللہ بہترین تدبیر کرنے والا ہے