نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کی زمان پارک کو اصل شکل میں بحال کرنے کی ہدایت

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کی زمان پارک کو اصل شکل میں بحال کرنے کی ہدایت

لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کرنے والی حکومتی ٹیم نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو ملاقات کا احوال بتا دیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومتی ٹیم نے محسن نقوی کو عمران خان سے ہونے والی ملاقات سے متعلق آگاہ کیا۔ ٹیم نے کہا کہ انتظامیہ زمان پارک میں تجاوزات ختم کرے گی تو ناکے ختم کر دیے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ زمان پارک کو اصل شکل میں فوری بحال کرے، زمان پارک کے رہائشی پہلے ہی مشکلات برداشت کر چکے ہیں۔

قبل زیں کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی سربراہی میں حکومتی ٹیم زمان پارک پہنچی۔ پانچ رکنی ٹیم ایک گھنٹہ گھر پر موجود رہی اور عمران خان سے ملاقات کی۔

سرچ وارنٹ کی تعمیل کرائی جبکہ گھر کی تلاشی کیلیے ٹی آر اوز پر بات کی۔ حکومتی ٹیم نے وکلا اور میڈیا ٹیم کے ہمراہ زمان پارک کے اندر کیمپ کا بھی دورہ کیا۔

نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ حکومتی ٹیم نے ابھی کوئی سرچ آپریشن نہیں کیا، میڈیا کی جس ٹیم کو دورہ کروایا گیا اسے گھر کے اندر جانے کی اجازت نہیں تھی، یہ دعویٰ بےبنیاد ہے کہ گھرکی تلاشی دے دی گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی ٹیم کے افسر نے بتایا کہ حکومتی ٹیم کو پورا گھر دکھایا جبکہ چائے اور بسکٹ بھی پیش کیے گئے۔