بانی تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر آئی ایم ایف کو خط لکھنےکے معاملے پر مسلم لیگ ن کے رہنما عطااللہ تارڑ نےکہا ہےکہ آئی ایم ایف کو خط لکھنےکا مقصد بیرونی مداخلت کو شامل کرنا ہے۔
جیو نیوز کو ردعمل دیتے ہوئے عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ ایک قیدی کی حیثیت سے آپ آئی ایم کو خط لکھیں گے؟ ان کے مذموم مقاصدکے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے، آئی ایم ایف کو خط لکھنےکا مقصد بیرونی مداخلت کو شامل کرنا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں جو سیٹیں ملیں کیا وہاں دھاندلی نہییں ہوئی، ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانےکی کوشش کی جا رہی ہے، یہ لوگ ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں، ان لوگوں نے پہلے بھی آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی کوشش کی۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو چند سیٹیوں پر کامیابی ملی، یہ ملک میں انتشار چاہتے ہیں، ملک میں انتشار کی اجازت نہیں دی جائےگی، ہم نے ملک کی معیشت بہتر کرنی ہے اور بے روزگاری ختم کرنی ہے۔
خیال رہےکہ اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کے معاملے پر آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھا جائے گا،جس میں کہا جائےگا کہ جتنے حلقوں میں دھاندلی ہوئی وہاں آڈٹ کرایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس آڈٹ میں جوڈیشری کا عمل دخل بھی ہو، اگر آڈٹ نہیں ہوتا تو آئی ایم ایف سے قرض کا اقدام ملک کے لیے نقصان دہ ہوگا۔