وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) والے کہہ رہے ہیں کہ الٹی میٹم دیں گے، اگر دھونس و دھمکی دی تو 25 مئی سے برا حشر ہوگا۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نشاندہی ہوگئی ہے کون لوگ قوم کو گمراہ کرتے ہیں،کون ٹرینڈ چلاتے ہیں، شہدا کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے گمراہی کا شکارہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد کوئی شک نہیں رہا کہ عمران خان غیرملکی ایجنٹ ہے۔
وزیرداخلہ نے دعویٰ کیا کہ ریفرنس دائر ہونے کی دیر ہے، عمران خان ہر قیمت پر نااہل ہوگا۔
ان کا مزید کہناتھاکہ کس بات کا الٹی میٹم کونسے الیکشن؟ پہلے چیف الیکشن کمشنر کو تو ہٹالو، ورنہ ایسے الٹی میٹم آپ کی دو نمبری ہے، اگر ایسا الٹی میٹم دیناہے جیسا 25 مئی کو تھا تو یاد رکھیں، پر امن جلسے کی اجازت ہے۔
رانا ثنا کا کہنا تھاکہ اگر دھونس، دھمکی، تشدد اور بلیک میل کا راستہ اپنایا تو آپ کا 25 مئی سے زيادہ خراب حشر ہوگا۔
ان کا کہنا تھاکہ عمران خان نے توشہ خانہ سے نہ کوئی ٹی سیٹ چھوڑا، نہ سونے کا سیٹ چھوڑا، گھڑی فروخت کرنے کیلئے بھیجی تو بنانے والوں نے بادشاہ کو فون کردیا کہ گھڑی آپ نے بنوائی تھی، ہمارے پاس فروخت ہونے آئی ہے کہيں چوری تو نہیں ہوگئی؟