پاکستان تحریک انصاف نے لاہور ہائیکورٹ کے حمزہ شہباز سے حلف لینے سے متعلق فیصلے پر مختلف آئینی آپشنزپرغور شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی آئینی ٹیم نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کوآئینی نکات پربریفنگ دی اور 3 آپشنز ان کے سامنے رکھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بریفنگ میں بتایاگیا کہ گورنر پنجاب، عثمان بزدارکے استعفے پر آئینی اعتراضات کرچکےہیں، گورنرپنجاب وزیراعلیٰ کا استعفیٰ غیرقانونی قرار دےکر ان کی پوزیشن بحال کرسکتے ہیں۔
بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ گورنرپنجاب وزیراعلیٰ کے دوبارہ انتخاب کا حکم دے سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گورنرپنجاب کواسمبلی تحلیل کرنےسے متعلق مختلف آئینی حوالوں اوراختیار سےآگاہ کیاگیا اورانٹراکورٹ اپیل کے حوالے سے بھی آئینی ماہرین نے بریف کیا۔
خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے کا حکم دیا ہے۔
ہائیکورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی 30 اپریل کو صبح ساڑھے گیارہ بجے حمزہ شہباز سے حلف لیں گے۔
تحریک انصاف نے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔