وزیر داخلہ کا زیر تعمیر دیامر بھاشا ڈیم کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

وزیر داخلہ کا زیر تعمیر دیامر بھاشا ڈیم کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے زیر تعمیر دیامر بھاشا ڈیم کا دورہ کیا اور پروجیکٹ کی سائٹ پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے دیامر بھاشا ڈیم کی پروجیکٹ سائٹ پر تعمیراتی کام اور سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا، اس موقع پر پروجیکٹ حکام کی جانب سے وزیر داخلہ کو سکیورٹی امور پر بریفنگ دی گئی۔

رانا ثنا اللہ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل 2029 میں شیڈول ہے، ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 8.1 ملین ایکڑ فٹ ہو گی اور دیامر بھاشا ڈیم کی بجلی پیدا کرنےکی صلاحیت 4 ہزار 500 میگا واٹ ہے۔

وزیر داخلہ کا بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا دیامر بھاشا ڈیم قومی ترقی کے لیے اہم منصوبہ ہے، پروجیکٹ ایریا میں جامع اور مربوط سکیورٹی پلان پر عمل درآمد ضروری ہے۔