اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبد الشکور نے عندیہ دیا ہے کہ رواں سال مہنگا ترین حج ہوگا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور نے اپنی پہلی ہی پریس کانفرنس میں عندیہ دے دیا کہ حج اخراجات سات سے دس لاکھ روپے تک ہو سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی حکومت کی طرف سے حج اخراجات سے متعلق تفصیلات ملنے کے بعد حج پالیسی کا فوری اعلان کر دیا جائے گا۔
مفتی عبدالشکور نے بتایا کہ پاکستان کو اکیاسی ہزار کوٹہ ملا ہے، ساٹھ فیصد سرکاری اور چالیس فیصد نجی کمپنیوں کوٹہ ہوگا، درخواست گزار کی بالائی حد پنسٹھ سال مقرر کی گئی ہے۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حج اخراجات کی تفصیلات ابھی تک سعودی عرب سے نہیں ملی ہے تاہم یکم مئی سے تیرہ مئی تک حج درخواستیں وصول کی جائیں گی، درخواست کے ساتھ پچاس ہزار روپے ٹوکن منی جمع کرائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ حج کے لیے نو تا تیرہ مئی تک بینکوں میں درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں، درخواستیں آن لائن بھی جمع کرائی جائیں گی، حج اخراجات سماجی فاصلوں کی وجہ سے بڑھ جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حج اخراجات بہت زیادہ ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سات سے دس لاکھ سے اخراجات ہوسکتے ہیں۔