اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت، آرمی چیف اور وزیر خارجہ نے سابق صدر پاکستان رفیق تارڑ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سابق صدر رفیق تارڑ کے انتقال پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سابق صدر کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے جبکہ ان کے سوگواران کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی سابق صدر محمد رفیق تارڑ کےانتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ٹوئٹ میں آرمی چیف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور مرحوم کےاہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنےکی ہمت عطا فرمائے۔
General Qamar Javed Bajwa, #COAS, expresses heartfelt condolences on the sad demise of former President of Pakistan Muhammad Rafiq Tarar. “May Allah bless his soul & give strength to the bereaved family to bear this irreparable loss, Ameen”, COAS.
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) March 7, 2022
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی سابق صدر محمد رفیق تارڑ کے انتقال پر افسوس کااظہار کیا، ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے سابق صدر کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
صدر مملکت نے مرحوم کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی جانب سے بھی سابق صدر رفیق تارڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے بھی سابق صدر محمد رفیق تارڑ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے اہلخانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ادھر چوہدری برادران نے سابق صدر پاکستان رفیق تارڑ کی وفات پراظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ رفیق تارڑ انتہائی ملنسار انسان تھے، رفیق تارڑ کی بطور صدر خدمات کو فرا موش نہیں کیا جا سکتا۔