سابق صدر پرویز مشرف انتقال کر گئے

سابق صدر پرویز مشرف انتقال کر گئے

سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف طویل علالت کے بعد79 برس کی عمر میں دبئی کے امریکن ہسپتال میں انتقال کر گئے۔

سابق صدر پرویز مشرف کافی عرصے سے علیل تھے اور کئی سالوں سے زیر علاج تھے، کئی بار انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا اس بار انہیں تشویشناک حالت میں دبئی کے امریکن ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔سابق صدر کے اہلخانہ نے بھی سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف کے انتقال کی تصدیق کردی ہے، اہلخانہ کے مطابق  پرویز مشرف کا آج علی الصبح دبئی میں انتقال ہوا،پرویز مشرف نے اہلیہ صہبا مشرف، بیٹی عائلہ مشرف اور بیٹے بلال مشرف کو سوگواران میں چھوڑا ہے۔ 

سابق صدر پرویز مشرف گیارہ اگست 1943 کو  دہلی میں پیدا ہوئے تھے، سابق صدر کا خاندان 1947 میں نئی دہلی سے کراچی منتقل ہوا تھا، پرویز مشرف 1964 میں پاکستانی فوج میں شامل ہوئے، وہ آرمی اسٹاف اینڈ کمانڈ کالج کوئٹہ کے گریجویٹ تھے۔

 12 اکتوبر 1999 کو  پرویز مشرف نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ہٹا کر چیف ایگزیکٹو کا عہدہ سنبھالا اور بعد ازاں اپریل 2002 میں ریفرنڈم کراکے باقاعدہ صدر پاکستان منتخب ہوئے،سال 2004 میں آئین میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5 سال کے لیے پرویز مشرف باوردی صدر  منتخب ہوئے، پرویز مشرف 18 اگست 2008 کو مستعفی ہوکر ملک سے باہر چلےگئے تھے۔