ملک میں پٹرول بحران کا خدشہ

ملک میں پٹرول بحران کا خدشہ

کوئٹہ: سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں 500 سے زائد آئل ٹینکرز پھنسے ہونے کے باعث ملک میں پٹرول بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

آئل ٹینکرزمالکان نے ملک میں تیل بحران پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا پانچ سو سے زائد آئل ٹینکرز سندھ اور بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر پھنسے ہوئے ہیں دو روز میں نکالا نہیں گیا تو تیل کی ترسیل متاثرہوگی۔

آل پاکستان آئل ٹینکرزاونرزایسوسی ایشن کے چیئرمین میرشمس شاہوانی نے کہا ہے سیلاب اور شدید بارشوں کے بعد اب تک سندھ اور بلوچستان سمیت ملک کے دیگر حصوں میں قومی شاہراہوں پر ہیوی ٹریفک کی روانی بند ہے۔

انھوں نے بتایا کہ دوردرازعلاقوں میں پانچ سوسے زائد آئل ٹینکرز دو ہفتوں سے پھنسے ہوئے ہیں، ڈرائیورز اورکلینرزخوراک کی کمی سمیت شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

میرشمس شاہوانی نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے اب تک امداد اورریسکیو کےلیے اقدامات نہیں کیے گئے۔