سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہےکہ ہمارا یہ نصیب نہیں ہےکہ پاکستان ہمیشہ ایک غریب ملک رہے، جب صدر تھا اس وقت بھی ملک کو امیر بنا رہا تھا اور اب بھی امیر ممالک میں شامل کروں گا۔
نواب شاہ میں چک نمبر 3 میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ملک اور اس ملک کی معیشت بھی میں ٹھیک کروں گا، اس ملک کو وہ عزت دلواؤں گا جو اس ملک کی پہچان ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پہلا معرکہ ہم مارچکے ہیں،آگے بھی کامیابیاں ہماری ہوں گی، پاکستان کے بچوں، اپنےکارکنوں اورعوام کے لیے ساری دنیا سے لڑنے کو تیار ہوں، یہی وجہ ہے کہ اکثر لوگ مجھے کہتے ہیں آئی لو یو مور۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ نصیب نہیں ہے کہ پاکستان ہمیشہ ایک غریب ملک رہے، صدر تھا تو اس وقت بھی ملک کو امیر بنا رہا تھا اور اب بھی امیر ممالک میں شامل کروں گا۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ میں ساتھیوں سےکہتا ہوں کہ رشتہ کرنا آسان ہوتا ہے مگر ووٹ لینا بہت مشکل، جیل کی سختیوں نے مجھے بہت کچھ سکھایا ہے، ساتھی کہتے ہیں نواب شاہ میں گرمی بہت ہے آپ کو تکلیف ہوگی، میں کہتا ہوں کیا میں پیرس میں پیدا ہوا تھا؟ میری پیدائش نواب شاہ کی ہے اور گرمی میرا کچھ نہیں کرسکتی، میں یہاں کا موسم بھی ٹھیک کروں گا اور ماحول بھی۔