ہمارا مقابلہ عمران خان کے بجائے بجلی کے بلوں سے شروع ہوگیا : عابد شیر علی

ہمارا مقابلہ عمران خان کے بجائے بجلی کے بلوں سے شروع ہوگیا : عابد شیر علی

فیصل آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کا کہنا ہےکہ  آج ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں ، بجلی کے بلوں سے شروع ہوگیا ہے۔

فیصل آباد میں طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ 18 گھنٹےکی لوڈشیڈنگ

تھی، جس کو نواز  شریف نے ختم کیا تھا، اس وقت بھی آئی ایم ایف کا پریشر ہوتا تھا،  آج مفتاح اسماعیل کے بیان پر افسوس ہوتا ہے۔

عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ مفتاح صاحب دفتر سے باہر نکلیں، عمران خان نے جو معاہدے کیے، مفتاح اسماعیل اس پر عمل نہ کریں،  آئی ایم ایف سے نئے معاہدے کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں، بجلی کے بلوں سے شروع ہوگیا ہے، خدارا عوام کو ریلیف دیں، حلقوں میں جانامشکل ہوتا جارہا ہے، عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو ہم خود عوام کےساتھ احتجاج میں شامل ہوجائیں گے، 200 یونٹ تو  ایک موٹر چلانے والے کا آجاتا ہے۔

رہنما ن لیگ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اس وقت سیلاب کے ساتھ ساتھ بجلی کے بل بھی سیلاب ہیں،200 یونٹ تک ریلیف نا کافی ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ  سیلاب میں پنجاب اور کے پی کے وزرائے اعلیٰ غائب ہیں، دونوں وزرائے اعلیٰ عمران خان کے جلسے بھرنےمیں مصروف ہیں۔