عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ معاملات ٹھیک کرنے کی کوشش شروع کردی ہے لیکن عمران خان الیکشن کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹ رہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو میں شیخ رشید کا کہنا تھاکہ پہلی بار فوج کو کہا کہ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، میں فوج کے ساتھ ہوں اور فوج کو پاکستان کا لازم حصہ سمجھتاہوں۔
ان کا کہنا تھاکہ موجودہ حالات میں عمران کے ساتھ کھڑا ہوں، کل سے میں نے کوشش کی کہ معاملات ٹھیک ہوجائیں لیکن عمران خان الیکشن کےمطالبے سےپیچھے نہیں ہٹ رہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج سے میرے تعلقات ہیں لیکن میں عمران خان کے ساتھ ہوں، ڈبل کراس نہیں کروں گا، جیتوں یا ہاروں، عمران خان کے ساتھ ہوں۔
شیخ رشید کا کہنا تھاکہ عمران خان کا رویہ بھٹو جیسا ہوتا جارہاہے، ان کی خواہش کیخلاف نہیں جاسکتا، میں نے استعفیٰ عمران خان کے نام پر دیا تھا، شیخ رشید
ان کا کہنا تھا کہ جیل کل بھیجنے والے آج بھیجیں، جیل تو میرا سسرال ہے، میں تو ضمانت بھی نہیں کراؤں گا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھاکہ یہ جس ملک میں جائیں گے، آنسو گیس اور لاٹھی چارج ہوگا، ن لیگ کا کچھ نہیں ہوگا، آصف زرداری بہت بڑا فنکارہے، پنجاب میں پیپلزپارٹی کے پاس 11 سیٹیں بھی نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ میں نے دو سال پہلے کہاتھا ن میں سے ش نکلے گی، ن لیگ میں 2 مختلف جماعتیں ہیں، ایک لیٹی ہوئی ہےجن کے زخم تازہ ہیں، ایک نے جوتا پالش کیا، میں کہتا تھا کہ بوٹ پالش کرنے والا کامیاب ہوگا، گالیاں دینے والے ناکام۔
مستقبل کے سیاسی منظرنامے کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھاکہ میں عمران خان کو الیکشن میں کلین سوئپ کرتے دیکھ رہاہوں، اگر عمران خان نے سندھ میں بھی محنت کرلی تو سندھ بھی ساتھ ہوگا۔
ان کا کہنا تھاکہ سوچتا ہوں مرنے سے پہلے خود پر ایک فلم بھی بنا لوں۔