راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو جعلی الزامات پر سزا سنانے کی مذمت کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائر یکٹر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ یاسین ملک کو جعلی الزامات پرعمر قید کی سزا سنائی گئی ہے، بھارت غاصبانہ اقدامات سے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبا نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کی حقیقی جدوجہد ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی تحریک میں ساتھ کھڑے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی عدالت نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو دہشت گردوں کی معاونت کے جھوٹے مقدمہ میں دو بار عمر قید کی سزا سنادی ہے، جبکہ 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
بھارتی تحقیقاتی ادارے نے عدالت سے یاسین ملک کو سزائے موت دینے کی استدعا کی تھی۔
بھارتی عدالت نے 19 مئی کو حریت رہنما پر دہشتگردی کی فنڈنگ کے جھوٹے مقدمے میں فرد جرم عائد کی تھی اور سزا سنانے کے لیے 25 مئی کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔ یاسین ملک نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں کئی برسوں سے قید ہیں۔