مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ بھاری اکثریت سے الیکشن جیتے گی۔
مریم نواز ابوظبی سے لاہور پہنچ گئیں۔ مریم نواز کے استقبال کیلئے مسلم لیگ ن کے کارکن بڑی تعداد لاہور ائیر پورٹ پہنچی جہاں لیگی سینیئر نائب صدر نے خطاب بھی کیا۔
لاہور ائیرپورٹ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھاکہ ’میرے پیارے پاکستانیو، نواز شریف کی طرف
سے السلام علیکم‘، نواز شریف نے مجھے کہا لاہور پہنچ کر سب کو میرا پیار بھرا سلام کہنا ، آپ کو خوشخبری سنا دوں
نواز شریف بہت جلد آپ کے درمیان موجود ہو گا، نواز شریف آج بھی ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ذمہ داری دینے پر اللہ تعالی کے بعد نواز شریف، شہباز شریف اور آپ کا شکریہ ادا کرتی ہوں، میں وعدہ کرتی ہوں کہ پارٹی کیلئے کام کرتے ہوئے ایک دن بھی ضائع نہیں کروں گی جب تک قوم کی تقدیر نہیں بدلیں گے، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
ان کا کہناتھاکہ ذرا بتانا نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے انجام کو پہنچے یا نہیں ؟ نواز شریف، شہباز شریف یا مریم نے کسی سے انتقام نہیں لیا، سارے کردار اللہ تعالی کے عذاب کا نشانہ بنے۔
لیگی سینیئر نائب صدر کا کہنا تھاکہ نواز شریف کو ملک میں مہنگائی کا احساس ہے، ملک میں بجلی، روٹی مہنگی ہونے کا احساس ہے، امید رکھیں کہ ترقی کا سفر پاکستان میں واپس آئے گا، نواز شریف کی 9 سالہ کارکردگی ملکی تاریخ سے نکال دیں تو پاکستان میں کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں ملے گا، پہلے پچھلے 4 سال کا احتساب ہو گا، 8 مہینے کا حساب بعد میں ہو گا، اللہ تعالی اور اسحاق ڈار پر یقین رکھیں معیشت میں بہتری آئے گی۔
عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی حکومت بھی خود توڑدی اور روبھی خود رہا ہے، عمران خان رونے کی تیاری کرلو، اب باقی زندگی رونا پڑے گا، میرے شیر الیکشن سے نہیں ڈرتے، الیکشن جب بھی ہو گا مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے جیتے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ سرجری کے بعد ابھی میرا گلا مکمل طور پر صحیح نہیں ہوا، انہیں پتہ تھا کہ میری سرجری دنیا کے دو ممالک میں ہو سکتی ہے لیکن میں نے ان سے اپنی بیماری کے علاج کیلئے پاسپورٹ نہیں مانگا۔
پارٹی ٹکٹوں کے حوالے سے مریم کا کہنا تھاکہ جن لوگوں نے پارٹی میں وقت گذارا اور حلقے، عوام میں اتنی ہی پذیرائی ہے، ان کو فوقیت ملنی چاہیے جن لوگوں نے پارٹی کے ساتھ وفا کی ان فوقیت ملے گی، پارٹی کے ٹکٹس میرٹ پردیں گے۔