آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس کے اجلاس میں شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معیشت کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کے خاتمےکے لیے حکومت کی مکمل معاونت کی جائےگی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی، آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کا معیار برقرار رکھنے پر زور دیا اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا، آرمی چیف نے فوجیوں کی فلاح وبہبود، ان کے حوصلے بلند رکھنے اور مسلسل توجہ پرکمانڈرز کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آرکے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس کے اجلاس میں شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست دہشت گردوں، سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں سے مکمل طاقت سے نمٹےگی، مذموم پراپیگنڈہ کرنے والے ایسے عناصر مزید رسوائی کا شکار ہوں گے، ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے قرار دیا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی زیر نگرانی معاشی سرگرمیوں کی مکمل حمایت کی جائےگی، معیشت کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کے خاتمےکے لیے حکومت کی مکمل معاونت کی جائے گی۔
کانفرنس کے شرکاکو قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے خطرات کے جواب میں حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی، کانفرنس کے شرکا نے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خودمختاری کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔
کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی زیرنگرانی معاشی سرگرمیوں کی مکمل حمایت کی جائےگی، معیشت کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کے خاتمےکے لیے حکومت کی مکمل معاونت کی جائےگی، کانفرنس کے دوران ضم شدہ اضلاع اور بلوچستان کے بارڈر اضلاع میں پائیدار امن و ترقی پر بھی زور دیا گیا۔
کانفرنس کےشرکا نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ شہدا نے ملک کی حفاظت، سلامتی اور وقارکے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ریاست پاکستان مسلح افواج کے شہدا اور ان کے اہلخانہ کو ہمیشہ احترام کی نگاہ سےدیکھتی ہے۔ اس موقع پر شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔