چوہدری شجاعت نے پرویزالٰہی کوپارٹی عہدے سے برخاست کردیا

چوہدری شجاعت نے پرویزالٰہی کوپارٹی عہدے سے برخاست کردیا

مسلم لیگ قائد اعظم (ق) کے سربراہ و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کوپارٹی عہدے سے برخاست کردیا۔

پارٹی اعلامیے کے مطابق پرویزالٰہی کی پارٹی رکنیت ختم کردی گئی ہے اور ان کے مقرر لوگوں کے پارٹی عہدے بھی واپس لے لیے گئے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ چوہدری شجاعت حسین نے 16 جنوری کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا اور یہ نوٹس پرویزالٰہی کو 26 جنوری کو لاہورمیں غیرآئینی اجلاس بلانےپردیاگیا تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پرویزالٰہی کو آئندہ مسلم لیگ (ق) کا نام استعمال کرنے سےمنع کردیاگیا ہے۔

پارٹی ترجمان مصطفیٰ ملک نے بھی پرویزالٰہی کی پارٹی رکنیت ختم کرنےکی تصدیق کردی۔

دوسری جانب ق لیگ کے رہنما چوہدری شافع حسین  کا کہنا تھاکہ پرویزالٰہی مسلم لیگ ق کے پلیٹ فارم سے پی ٹی آئی میں ضم نہیں ہو سکتے کیونکہ چوہدری شجاعت مسلم لیگ ق کے سربراہ ہیں، وہی فیصلہ کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پرویزالٰہی سمیت کسی نے پی ٹی آئی میں شامل ہونا ہے تو ق لیگ  سے استعفیٰ دے کر شامل ہونا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق کے پلیٹ فارم سے پی ٹی آئی سے ڈیل کی گئی تویہ غیرقانونی اورغیراخلاقی ہو گا۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور پرویزالٰہی کے درمیان آج اہم ملاقات ہونی ہے جس میں مسلم لیگ ق کوپی ٹی آئی میں ضم کرنے کے حوالے سے فیصلے کا امکان ہے۔