اسلام آباد میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سمیت اسد عمر اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔
لانگ مارچ کے دوران اسلام آباد میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ پر عمران خان، اسد عمر، عمران اسماعیل اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 150 افرادکے خلاف مقدمات درج کیےگئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما راجہ خرام نواز ،علی امین گنڈا پور اور علی نواز اعوان کے خلاف بھی مقدمات درج کرلیےگئے ہیں۔
مقدمات تھانہ کوہسار میں درج کیےگئے اور پولیس نے مقدمات میں 39 افراد کی گرفتاری بھی ظاہرکردی ہے۔
اس سےقبل کراچی پولیس بھی پی ٹی آئی کراچی کی قیادت کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرچکی ہے۔
کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر جلاؤ گھیراؤ اور دھرنے کے معاملے پر پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے خلاف مقدمہ سولجر بازار تھانے میں د رج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں علی زیدی، فردوس شمیم نقوی، بلال غفار، خرم شیر زمان، ارسلان تاج، محمد علی جی جی، جمال صدیقی، محسن بٹ اور اشرف علی نامزد ہیں۔