فضل الرحمان نے پیپلزپارٹی پر وعدہ خلافی کا الزام لگا دیا

فضل الرحمان نے پیپلزپارٹی پر وعدہ خلافی کا الزام لگا دیا

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ انتخابات فروری کے آخر تک ہوں گے، اسٹیبلشمنٹ کے مضبوط ہونے میں سیاست دانوں کی خامیاں ہیں۔

پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اینکرپرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کی وجہ سے فوری الیکشن ناگزیر ہیں، قبائلی علاقوں میں جو حالات ہیں الیکشن مہم چلانا مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری ممالک میں نگران حکومتوں کا تصور ہی نہیں ہے، پیپلزپارٹی آخری وقت میں آکر فیصلے سے پھر گئی تھی، ایم کیو ایم، اختر مینگل اور دیگر نے اتفاق رائے سے فوری الیکشن کا فیاصلہ کیا پی پی نے عین آخری وقت میں تحریک عدم اعتماد لانے پر زور دیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی وعدے سے نہ پھرتی تو اس وقت الیکشن ہوجاتے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین لانے والوں نے اعتراف کیا ان کا ایجنڈا کچھ اور ہے، اسٹیبلشمنٹ کے مضبوط ہونے میں سیاست دانوں کی خامیاں بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا کے حالات بہت زیادہ خراب ہیں، پہلے دن سے ہی فاٹا کے پی میں انضمام کے خلاف تھے، آج کے حالات میں اپنے علاقے میں بھی الیکشن مہم نہیں چلا سکتا۔