کرپشن الزامات؛ پی ٹی آئی کے صدر پرویز الہٰی بھی گرفتار

کرپشن الزامات؛ پی ٹی آئی کے صدر پرویز الہٰی بھی گرفتار

پاکستان تحریکِ انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی کے ترجمان اقبال چوہدری کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کو ظہور الہٰی روڈ پر اُن کی رہائش گاہ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔

چوہدری پرویز الہٰی پر محکمہ اینٹی کرپشن نے ترقیاتی اسکیموں میں کک بیکس لینے کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا تھا جس پر اُن کی عبوری ضمانت بھی خارج ہو چکی تھی۔

پولیس نے اس سے قبل بھی پرویز الہٰی کی گرفتاری کی کوششیں کی تھیں، لیکن وہ گرفتاری سے بچ گئے تھے۔

خیال رہے کہ سابق وزیرِ اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہٰٰی نو مئی کے واقعات کے بعد سے سیاسی طور پر زیادہ متحرک نہیں تھے۔ تاہم ایک ویڈیو بیان میں اُنہوں نے عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہنے کا اعلان کیا تھا۔

پرویز الہٰی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، لیکن اُن کی خواہش ہے کہ پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات بہتر ہوں۔

پنجاب کے وزیرِ اطلاعات عامر میر نے بھی چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ اُن کے بقول پرویز الہٰی گھر سے فرار ہونے کی کوشش میں پکڑے گئے۔

نجی نیوز چینل ‘جیو نیوز’ سے گفتگو کرتے ہوئے عامر میر کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی مفرور تھے جنہیں پولیس نے ظہور الہٰی روڈ پر ناکے پر روکا لیکن مزاحمت ہوئی۔اس دوران گاڑی کا شیشہ بھی توڑنا پڑا ، پرویز الہٰٰی گاڑی کے اندر موجود تھے۔

عامر میر کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے لاہور پولیس کی مدد سے گرفتار کیا۔

چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اُن کے والد کو جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا گیا، لیکن اس کے باوجود وہ پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ” جنوری سے پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کیا تھا تب میرے والد نے مجھے یہ کہا تھا کہ چاہے مجھے بھی گرفتار کر لیں ہم نے عمران خان کا ساتھ دینا ہے۔”

پرویز الہٰی پر الزام ہے کیا؟

محکمۂ اینٹی کرپشن پنجاب نے چوہدری پرویز الہٰی، اُن کے صاحبزادے مونس الہٰی اور سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی پر ترقیاتی اسکیموں میں رشوت لینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے الزام عائد کیا تھا کہ ملزمان نے ایک غیر ملکی کمپنی کو دو ارب 90 کروڑ روپے کی ادائیگی میں 12 کروڑ روپے رشوت لی جب کہ اس کے علاوہ دیگر ترقیاتی اسکیموں میں بھی کروڑوں روپے کی رشوت لی گئی۔

محکمے نے پرویز الہٰی پر بطور وزیرِ اعلٰی اختیارات کے ناجائز استعمال کا بھی الزام عائد کیا تھا۔ عدالت نے پرویز الہٰی کی عبوری ضمانت جمعرات کو خارج کر دی تھی۔