قومی سلامتی کمیٹی اجلاس: دہشت گردی میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس: دہشت گردی میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل سدباب اور ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم کیا گیا، اجلاس میں شرکا نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد پر مکمل اتفاق کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں اعلیٰ عسکری حکام سمیت وزیر خارجہ بلاول بھٹو، خواجہ آصف، اسحٰق ڈار، مریم اورنگزیب اور دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں ملکی سلامتی کے امور اور دہشت گردی سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، اجلاس میں پاک افغان سرحد، سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی تحقیقات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں قومی سلامتی امور پر ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) نے تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان عملدر آمد کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی پر بھی اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل سدباب اور ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم کیا گیا، شرکا نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد پر مکمل اتفاق کیا۔