رات کی تاریکی میں حلف لینے والا وزیراعلیٰ رات کی تاریکی میں ہی فارغ کردیاگیا ،گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔
وزیر اعلی پنجاب نے آئین کے آرٹیکل 130 کی شق 7 کے تحت اعتماد کا ووٹ نہیں لیا ،گورنر پنجاب نے صوبائی کابینہ کو بھی تحلیل کردیا۔
وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے گزشتہ روز گورنر پنجاب کے پاس کردہ آرڈر آئین کے آرٹیکل 130(7) کے مطابق اعتماد کا ووٹ نہیں لیا،پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی ممبران کی اکثریت کھو چکے ہیں اس لئے فوری طور پر بطور وزیراعلیٰ کام کرنے سے روکا جاتا ہے،اس کے نتیجے میں کابینہ فوری طور پر تحلیل کی جاتی ہے۔
آئین کے آرٹیکل 133 کے مطابق پرویز الٰہی اگلے وزیر اعلی کے آنے تک عہدے پر قائم رہ سکتے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب نے 27 جولائی کو وزارت اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا،عدالت کے حکم پر صدر مملکت نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے حلف لیا ،چودھری پرویز الٰہی 5 ماہ 24 روز تک وزیر اعلیٰ پنجاب رہے۔