اسلام آباد : ارشد شریف قتل کیس میں چوری شدہ گاڑی کے مالک کے نئے انکشافات کئے کہ پولیس نے گاڑی رات ساڑھے نوبجے بازیاب کرالی تھی جبکہ ارشد شریف کی گاڑی پر فائرنگ رات دس بجے کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ارشد شریف کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ، چوری شدہ گاڑی کے مالک کے نئے انکشافات سامنے آگئے۔
چوری شدہ گاڑی کے مالک ڈگلس کمائو نے بتایا پولیس کو پتا تھا اصل گاڑی نیروبی کے مضافات میں موجود ہے اور پولیس نے گاڑی رات ساڑھے نوبجے بازیاب کرالی تھی۔
مالک کا کہنا تھا کہ ٹریکنگ سسٹم سےگاڑی کی لوکیشن سے پولیس آگاہ تھی، ارشد شریف کی گاڑی پر رات دس بجے فائرنگ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق چوری شدہ گاڑی کے مالک ڈگلس کماؤ کا مؤقف تھا کہ ان کی گاڑی میں ٹریکنگ کے جدید ترین آلات نصب تھے جو گاڑی کی لمحہ بہ لمحہ لوکیشن سے پولیس کو آگاہ کر رہے تھے۔
کینیا کی پولیس کے ترجمان برونو شئوسو نے وائس آف امریکا کے سوالات کے جواب میں کہا ہے کہ چونکہ خود پولیس پر تحقیقات ہو رہی ہیں، اس لیے وہ اس موضوع پر کوئی بیان نہیں دے سکتے۔
واضح رہے کہ ابتدائی بیانات میں کینیا کی پولیس نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل واقعہ کو شناخت میں غلطی کی بنیاد پر کی گئی کاروائی قرار دیا تھا۔