ملک بھر میں میلاد النبیﷺ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

ملک بھر میں میلاد النبیﷺ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

پاکستان بھر میں جشن آمد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21 ، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

رحمت اللعالمین، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت با سعادت پرملک کے چپے چپے میں جشن منایا گیا۔

کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر مرکزی جلوس میمن مسجد سے برآمد ہوکر مقررہ راستے پر رواں دواں رہا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی شرکت کی۔

لاہور میں ریلوے اسٹیشن سے شروع ہونے والا مرکزی جلوس داتا دربار پہنچ کر ختم ہوا جبکہ کوئٹہ میں باچا خان چوک سے نکلنے والا مرکزی جلوس منان چوک پہنچ کر ختم ہوگیا۔

ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں عشق رسول سے سرشار شمع رسالتﷺ کے پروانے میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں میں شریک ہوئے اور فضائیں درود و سلام اورنعتیہ کلام سے گونج اٹھیں۔ 

مختلف شہروں میں جلوسوں کے شرکا کیلئے لنگرکا بھی اہتمام کیا گيا۔

صدر عارف علوی نے 12 ربیع الاول پر پیغام میں کہاکہ حضورﷺ کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنانے میں ہی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  معاشرے، قوم اور ملک میں امن، خیر خواہی، دیانت اور ترقی چاہتے ہیں تو اسی مثالی معاشرے کی اعلی اقدار کو اپنانا ہوگا جس کی بنیاد نبی کریم ﷺنے رکھی تھی۔

 وزیراعظم شہبازشریف نےکہاکہ انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاںﷺ کی کامل تابعداری میں پنہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے حبیب مکرمﷺ کی کامل اتباع واطاعت نصیب فرمائے۔