پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ برٹش ملٹری اکیڈمی میں ملکہ برطانیہ کی نمائندگی کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔
برطانوی وزارت دفاع کے مطابق جنرل قمرجاوید باجوہ نے آج سوورین پریڈ فارکمیشنگ کورس 213 میں ملکہ برطانیہ کی نمائندگی کی۔
سینڈھرسٹ ملٹری اکیڈمی میں منعقد تقریب میں درجنوں ممالک کے فوجی سربراہان بھی شریک تھے۔
پریڈ میں جنرل قمرجاوید باجوہ کے ساتھ ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل بابر افتخار اور ملٹری اتاشی کرنل رانا آصف خان بھی شریک ہوئے۔
رائل ملٹری اکیڈمی کی بنیاد 1741 میں وُلچ میں آرٹلری اور انجنیئر کی تربیت کیلئے قائم کی گئی تھی اور دوسری جنگ عظیم کے بعد رائل ملٹری اکیڈمی اور رائل ملٹری کالج کوضم کرکے رائل ملٹری اکیڈمی سینڈھرسٹ قائم کی گئی۔
سینڈھرسٹ میں پہلی کمیشنگ پریڈ 14 جولائی 1948 کو منعقد ہوئی تھی۔ سی سی 213 میں تربیت مکمل کرنے والوں میں 208 برٹش کیڈٹس کے علاوہ 26 ممالک کے 41 انٹرنیشنل آفیسرزکیڈٹس بھی شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کے رائل ملٹری اکیڈمی سینڈھرسٹ پہنچنے پر پریڈ نے سلامی دی اور آرمی چیف نے پریڈ کا معائنہ کیا جبکہ آرمی چیف نے بہترین کارکردگی کے حامل کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھاکہ آپ کی درس گاہ دنیا کی بہترین فوجی ادارہ ہے، اس درس گاہ نے دنیا کے بہترین فوجی رہنما پیدا کیے، آپ کی کمال جانفشانی، خاندانوں کی کلیدی ہمت اور تعاون نے آپ کو اس منزل سے ہمکنار کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج دو پاکستانی کیڈٹس بھی اکیڈمی سے پاس آؤٹ ہوئے، آپ پر مجھے بجا طور پر فخر ہے جبکہ پاسنگ آؤٹ پریڈمیں شامل نوجوانوں پر اتنا ہی فخر ہے جتنا 2 پاکستانی کیڈٹس پر ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھاکہ پاکستان اوربرطانیہ کےدرمیان تعلقات دوطرفہ باہمی دوستی اور احترام پرمبنی ہیں، دور حاضر کے چیلنجز سےنمٹنےکیلئے نوجوان جدیدٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں۔
ان کا کہنا تھاکہ پاک برطانیہ تعلقات کو دونوں ممالک نے کئی دہائیوں میں پروان چڑھایا ہے، برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری ہمارے تاریخی تعلقات کی مضبوطی کو ظاہر کرتی ہے، مجھے یقین ہے کہ یہ رشتہ آنے والے وقت میں مزید بلندیوں تک جائے گا۔