پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے اپنی کردار کشی کا الزام فواد چوہدری پر لگا دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عامر لیاقت نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم کے اعلیٰ ذرائع نے مجھے بتایا ہے کہ تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کے جس ٹولے کو فواد چوہدری دیکھتے ہیں انہوں نے منصوبہ بندی کے تحت میری کردار کشی کی مہم چلوائی تاکہ عمران خان جو مجھ سے سخت ناراض ہیں، خوش ہو سکیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ خان صاحب میں تو یہاں سے جا رہا ہوں لیکن دیکھ لیجیے، آپ کے چاپلوسوں نے پانچ دن تک آپ کی سیاست کو چونا لگا دیا، میں نفرت و محبت کے جذبات کا ایک ایسا عکس ہوں کہ پاکستان میں جب مجھ پر بحث شروع ہوتی ہے تو گھر گھر کبھی شادی اور کبھی تنسیخ نکاح کا دعویٰ ہی اتنا اہم موضوع بن جاتا ہے کہ آپ کے جلسے لگتا ہے کل سے شروع ہوں گے۔
عامر لیاقت حسین نے مزید لکھا کہ ابھی یہ بات تحقیقات کے مراحل میں ہے لیکن فواد پھپھولے کی یہ حرکت درست ثابت ہوئی تو میں قوم کو کل اپنا درد اور کردار بتا چکا کہ میں کسی کی کردار کشی یا خواب گاہ کی رودادوں بلکہ کسی بھی نجی معاملے کی تشہیر پر یقین نہیں رکھتا مگر وعدہ ہے قبل از روانگی آپ کو اور فواد کو سرپرائز دوں گا۔
یاد رہے کہ عامر لیاقت نے تیسری اہلیہ دانیہ ملک کی جانب سے تنسیخ نکاح کے معاملے پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید سے تنگ آکر ہمیشہ کے لیے پاکستان چھوڑنے کا اعلان کر رکھا ہے۔