نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کہتے ہیں میں نواز شریف کا کارکن ہوں مجھے کارکن کہلوانے کی زیادہ خوشی ہوتی ہے۔ سارا پنڈ بیمار ہو جائے حلف ضرور اٹھاؤں گا۔ عمران خان نے نوجوانوں اور مزدوروں کے خواب توڑے ہیں قوم اس سے حساب لینا چاہتی ہے۔
نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا داروغہ والا لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب بولے پی ٹی آئی نے پاکستان کی معیشت کا دھڑن تختہ کر دیا۔ اڑتیس فیصد روپے کی قدر گرائی گئی۔ 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کر کے غریبوں کے گھر گرا دئیے گئے۔
میاں حمزہ شہباز نے کہا کہ بنی گالہ کے ناجائز گھر کو ریگولرائز کرایا گیا۔ عامر کیانی نے ادویات سکینڈل میں اربوں کاغبن کیا۔ دوست ملک کی دی گئی گھڑی کو بیچ کر مال پانی بنایا گیا۔ 4سال شریف خاندان کے خلاف بدترین انتقامی کارروائی کی گئی۔
نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کے پیٹ میں درد یہ ہے کہ ترقی کا سفر دوبارہ نہ شروع ہو جائے۔ جب بھی عام انتخابات ہوں گے ہر طرف شیر دھاڑے گا۔
میاں حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ عمران خان عید کے بعد جہاں جلسہ کریں گے وہاں جلسہ کر کے جواب دیں گے۔ ہم انتقام نہیں لیں گے مگر قوم کے ساتھ ہوئے ظلم کا حساب ضرور لیں گے۔