وزیراعظم شہباز شریف کے حلف اٹھانے کے ایک ہفتے بعد بالآخر نئی وفاقی کابینہ کے آج حلف اُٹھانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں 10 سے 12 وزرا حلف اُٹھائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیر خارجہ،
حنا ربانی کھر کو وزیر مملکت برائے خارجہ امور بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق خواجہ آصف کو وزارت تجارت اور مریم اورنگزیب کو وزارت اطلاعات کا قلمدان سونپے جانے کا امکان ہے، اس کے علاوہ مفتاح اسماعیل کو مشیر خزانہ بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شازیہ مری یا مصطفیٰ نوازکھوکھرکو وزارت انسانی حقوق اوررانا تنویر کو وزارت پارلیمانی امور کا قلمدان سونپے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق رانا ثنا اللہ کو وزارت داخلہ کا قلمدان دینے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے کسی وزارت کا قلمدان لینے سے معذرت کرلی ہے۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ شاہد خاقان عباسی بغیر قلمدان توانائی کے امور دیکھیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد شہباز شریف 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے عہدے کا حلف بھی اٹھا یا تھا۔